حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے شیعہ مسلمانوں نے شہید سید حسن نصراللّٰه کے والد محترم سید عبد الکریم نصرالله کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزاحمتی محاذ اور خاندان نصراللّٰه سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تعزیتی بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم الله الرحمٰن الرحیم
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْهِ رَاجِعُون.
نہایت رنج و غم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے کہ مزاحمتی محاذ کے عظیم رہبر شہید سید حسن نصرالله کے والدِ بزرگوار، سید عبد الکریم نصرالله اس دارِ فانی سے رخصت ہو گئے ہیں۔
مرحوم سید عبد الکریم نصرالله نہ صرف ایک باوقار اور باعمل انسان تھے، بلکہ ایک ایسے فرزند کے مربی بھی تھے جنہوں نے حق، مزاحمت اور استقامت کی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کی تربیت قرآن، اخلاق، تواضع اور خدمتِ خلق کی بنیاد پر کی، اور اسی تربیت نے سید حسن نصرالله کو ایک عظیم رہبر کی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
ہندوستان کے شیعہ مسلمانوں کی جانب سے ہم خاندانِ نصرالله، حزب الله لبنان اور پوری ملتِ اسلامیہ کو اس عظیم صدمے پر دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ رب کریم کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کا حشر شہداء و صالحین کے ساتھ کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
یہ صدمہ صرف ایک خاندان کا نہیں، بلکہ پوری امت کا ہے۔ سید عبد الکریم نصرالله جیسے افراد ہی ایسی قوموں کی تربیت کرتے ہیں جو دنیا کے سامنے مثال بن جائیں اور تاریخ میں ایسے جلتے چراغوں کو چھوڑ جاتے ہیں جنکی روشنی اس دنیا سے جانے کے بعد بھی کم نہیں ہوتی اور راہ شہادت ان کے پاکیزہ خون سے روشن و منور رہتی ہے۔
مالک ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین









آپ کا تبصرہ